اکرم خان درانی کالج میں تقریبِ تقسیمِ انعامات کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کو سراہا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بنوں عمر خطاب خان تھے، جنہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مستقبل کے لیے قیمتی مشورے دیے۔
اپنے خطاب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر خطاب خان نے کہا کہ تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ کردار سازی اور عملی زندگی میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کو مثبت انداز میں استعمال کریں اور اسے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا مؤثر ذریعہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں ہر طالب علم ڈاکٹر یا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بنے، بلکہ ایک باعزت اور بااخلاق شہری بننا بھی بڑی کامیابی ہے۔
پرنسپل کالج ملک اخیاء جان خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار کا ہونا بھی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کریں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کریں۔
اس موقع پر طلبہ و طالبات کو ان کی نمایاں کارکردگی پر میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں اساتذہ، طلبہ کی بڑی تعداد اور والدین نے شرکت کی۔ انعامات حاصل کرنے پر طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کالج کے دو طلبہ کو خصوصی شیلڈز بھی دی گئیں جنہوں نے پاکستان بھر کے تقرری مقابلوں میں ساتویں پوزیشن حاصل کرکے کالج کا نام روشن کیا تھا۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل ملک اخیاء جان خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر خطاب خان کو شیلڈ پیش کرکے ان کا شکریہ ادا کیا۔ کالج انتظامیہ کی جانب سے پرنسپل ملک اخیاء جان خان کو بھی ان کی بہترین کارکردگی پر خصوصی سرٹیفکیٹ دیا گیا، جس پر اساتذہ اور طلبہ نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
Quick Links
About Government
Important Links
Explore Us